کُرِنتھِیوں
کے نام پَولُسؔ کا پہلا خط
1
پَولُسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے المسیح یِسوعؔ کا رسول ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہیں، اَور بھایٔی سوستھِنیسؔ کی طرف سے،*
خُدا کی اُس جماعت کے نام جو کُرِنتھُسؔ شہر میں ہے، یعنی اُن کے نام جو المسیح یِسوعؔ میں پاک کیٔے گیٔے اَور مُقدّس ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہَیں، اُن سَب کے نام جو ہر جگہ ہمارے اَور اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا نام لیتے ہیں:
ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
شُکر گُزاری
مَیں تمہارے لیٔے ہمیشہ اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کیونکہ خُدا نے المسیح یِسوعؔ کے وسیلہ سے تُم پر فضل کیا ہے۔ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح میں تُم لوگ ہر لِحاظ سے مالا مال ہویٔے یعنی تُم علم والے ہو اَور کلام کرنے میں بھی ماہر ہو، اَور خُداوؔند المسیح کے بارے میں ہماری گواہی تُم لوگوں میں خُوب قائِم ہو چُکی ہے۔ اِس لیٔے تُم کسی رُوحانی نِعمت سے محروم نہیں ہو کیونکہ اَب تُم ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے ظہُور کے نہایت ہی مُنتظر ہو۔ وُہی تُمہیں آخِر تک مضبُوطی سے قائِم رکھیں گے تاکہ تُم ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے ظاہر ہونے کے دِن تک بے اِلزام ٹھہرو۔ خُدا قابلِ اِعتماد ہے، جِس نے تُمہیں اَپنے بیٹے، ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی رِفاقت کے لیٔے بُلایا ہے۔
جماعت کے تِفرقے
10 اَے بھائیو اَور بہنوں! ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام سے تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ تُم ایک دُوسرے سے مُطابقت رکھو تاکہ تُم میں تِفرقے پیدا نہ ہوں اَور تُم سَب ایک دِل اَور ایک رائے ہوکر مُکمّل طور پر مُتّحد رہو۔ 11 اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! خلوئےؔ کے گھر والوں میں سے چند لوگوں نے مُجھے اِطّلاع دی ہے کہ تُم میں جھگڑے ہوتے ہیں۔ 12 مطلب یہ ہے: ”تُم میں کویٔی تو اَپنے آپ کو پَولُسؔ کا،“ پیروکار کہتاہے، کویٔی، ”اپُلّوسؔ کا،“ کویٔی، ”کیفؔا کا،“ اَور کویٔی، ”المسیح کا پیروکار۔“
13 کیا المسیح کو تقسیم کر دیا گیا؟ کیاپَولُسؔ تمہاری خاطِر مصلُوب ہُوا تھا؟ کیا تُم نے پَولُسؔ کے نام پر پاک غُسل لیا تھا؟ 14 مَیں خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں کہ کرِسپُسؔ اَور گیُسؔ کے سِوا مَیں نے کسی کو پاک غُسل نہیں دیا۔ 15 تاکہ کویٔی یہ نہ کہہ سکے کہ تُم نے میرے نام پر پاک غُسل لیا۔ 16 (ہاں، اِستِفناسؔ کے خاندان کو بھی مَیں نے پاک غُسل دیا؛ اگر، کسی اَور کو پاک غُسل دیا ہو تو مُجھے یاد نہیں۔) 17 کیونکہ المسیح نے مُجھے پاک غُسل دینے کے لیٔے نہیں، بَلکہ خُوشخبری سُنانے کے لیٔے بھیجا ہے۔ وہ بھی اِنسانی حِکمت کے کلام سے نہیں تاکہ المسیح کی صلیبی موت بے تاثیر نہ ہو۔
المسیح، خُدا کی قُدرت اَور حِکمت
18 ہلاک ہونے والوں کے لیٔے تو صلیب کا پیغام ہے لیکن ہم نَجات پانے والوں کے لیٔے خُدا کی قُدرت ہے۔ 19 کیونکہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے:
”میں دانشمندوں کی دانش کو نِیست کر ڈالُوں گا؛
اَور عقلمندوں کی عقل کو باطِل کر دُوں گا۔“
20 کہاں کا دانشمند؟ کہاں کا فقیہ؟ کہاں کا اُس دَور کا بحث کرنے والا؟ کیا خُدا نے دُنیا کی حِکمت کو بےوقُوفی نہیں ٹھہرایا؟ 21 کیونکہ جَب دُنیا والے خُدا کی حِکمت کے مُطابق اَپنی دانش سے خُدا کو نہ جان سکے تو خُدا کو پسند آیا کہ ایمان لانے والوں کو اِس مُنادی کی بےوقُوفی کے وسیلہ نَجات بخشے۔ 22 یہُودی معجزوں کے طالب ہیں اَور یُونانی حِکمت کی تلاش میں ہیں 23 مگر ہم اُس المسیح مصلُوب کی مُنادی کرتے ہیں: جو یہُودیوں کے نزدیک ٹھوکر کا باعث اَور غَیریہُودیوں کے نزدیک بےوقُوفی ہے۔ 24 لیکن خُدا کے بُلائے ہویٔے لوگوں کے لیٔے خواہ وہ یہُودی ہوں یا غَیریہُودی، المسیح خُدا کی قُدرت اَور خُدا کی حِکمت ہیں۔ 25 کیونکہ جسے لوگ خُدا کی بےوقُوفی سمجھتے ہیں وہ آدمیوں کی حِکمت سے زِیادہ حِکمت والی ہے اَور جسے لوگ خُدا کی کمزوری سمجھتے ہیں وہ آدمیوں کی طاقت سے زِیادہ زورآور ہے۔
26 اَے بھائیو اَور بہنوں! غور کرو کہ جَب تُم بُلائے گیٔے تھے۔ تَب تُم کیا تھے۔ تُم میں سے بہت سے نہ تو جِسمانی لِحاظ سے دانِشور؛ بارسوخ تھے؛ اَور نہ ہی نیک۔ 27 لیکن خُدا نے اُنہیں، جو دُنیا کی نظروں میں احمق ہیں، چُن لیا تاکہ عالِموں کو شرمندہ کرے اَور اُنہیں جو دُنیا کی نظر میں کمزور ہیں، چُن لیا تاکہ زور آوروں کو شرمندہ کرے۔ 28 خُدا نے اِس جہاں کے کمینوں، حقیروں بَلکہ بےوُجُودوں کو چُن لیا کہ مَوجُودوں کو نِیست کرے۔ 29 تاکہ کویٔی بھی بشر خُدا کے سامنے فخر نہ کر سکے۔ 30 لیکن تُم خُدا کی طرف سے المسیح یِسوعؔ میں ہو جسے خُدا نے ہمارے لیٔے حِکمت، راستبازی، پاکیزگی اَور مخلصی ٹھہرایا۔ 31 تاکہ جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اگر کویٔی فخر کرنا چاہے تو وہ خُداوؔند پر فخر کرے۔“§
* 1:1 یہ پَولُسؔ ہی تھے جنہوں نے یہ خط لِکھّا تھا، اَور سوستھِنیسؔ پَولُسؔ کو مبارکباد دینے میں شامل ہو گئے۔ 1:12 یہی پطرس بھی کَہلاتے ہیں‏ 1:19 یَشع 29‏:14‏ § 1:31 یرم 9‏:24‏